نئی دہلی،27 /جنوری(ایس او نیوز/ آئی این ایس انڈیا) حکومت نے ایئر انڈیا کی 100 فیصد حصہ داری کوفروخت کرنے کا پلان پیش کر دیا ہے۔اس کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس کی 100 فیصد حصہ داری بیچی جائے گی۔تمام مخالفت کے باوجود حکومت ایئر انڈیا فروخت کرنے کے لئے مصروف عمل ہے۔ حکومت نے پیر کو اس بارے میں میمورنڈم جاری کر دیا۔حکومت کی طرف سے جاری ریلیز کے مطابق ایئر انڈیا ایکسپریس کے 100 فیصد حصہ داری بیچی جائے گی۔اس کے علاوہ ایئر انڈیا اورایس اے ٹی ایس کی جوائنٹ وینچر کمپنی اے آئی ایس اے ٹی میں ایئر انڈیا کی 50 فیصد حصہ داری بیچی جائے گی۔ایئر انڈیا کا مینجمنٹ کنٹرول بھی بولی جیتنے والی کمپنی کو مل جائے گا۔ حکومت نے ایئر انڈیا کے لئے ایکسپریشن آف اٹریسٹ (ای او آئی) یعنی دلچسپی دکھانے کے لئے 17 مارچ تک کی ڈیڈ لائن جاری کی ہے۔ذرائع کے مطابق اے آئی کے لئے ممکنہ بڈرس میں ٹاٹا گروپ، ہندوجا، انڈگو، اسپائس جیٹ اور کئی نجی کمپنیاں شامل ہیں۔ایئر انڈیا کی نیلامی میں شامل ہونے کے لئے کئی غیر ملکی کمپنیاں ہندوستانی کمپنیوں سے شراکت کر سکتی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایئر ا نڈیا کی حالت خستہ ہونے کے باوجود اس کی خریداری میں کمپنیاں اس لیے دلچسپی دکھا رہی ہیں، کیونکہ اس کے پاس وسیع گھریلو اورانٹرنیشنل نیٹ ورک، ٹریفک رائٹس اور لندن، دبئی جیسے اہم ایئر پورٹ پر سلاٹ ہیں۔اس کے پاس بڑا ٹیکنیکل مین پاور اور فلیٹ بھی ہے۔